چندی گڑھ.. 359 رنز کا بظاہر ناقابل شکست ہدف بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کام نہ آیا۔ چندی گڑھ میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میںپاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنرعثمان خواجہ نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کرکے یقینی فتح بھارتی ٹیم کے جبڑوں سے چھین لی۔پانچ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
بھارتی پنجاب کے دارالحکومت چندی گڑھ میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ بھارت کے 359 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اوپنر آنے والے کپتان ایرون فنچ کوئی بھی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ ون ڈاﺅن آنے والے مارش بھی خاص کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 6 رنز بنا کرآﺅٹ ہوگئے۔
12 رنز پر 2 وکٹیں گنوانے کے بعد آسٹریلین ٹیم سنبھل گئی ، عثمان خواجہ اور ہینڈز کمب نے محتاط انداز میں بھارتی باﺅلرز کی دھلائی شروع کردی۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 192 رنز بنا کر ٹیم کو یقینی فتح کے قریب پہنچادیا۔ پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے 91 اور ہینڈز کمب نے 117 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے آشٹن ٹرنر نے جارحانہ اننگ کھیلی اور صرف 43 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنا ئے ۔ آسٹریلیا نے چوتھے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کا پہاڑ جیسا ہدف 47 اعشاریہ 5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ میچ میں بھارتی ٹیم فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اتری تھی لیکن عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت فتح سے محروم رہی تھی۔
قبل ازیں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے تھے۔ انڈین اوپنرز کی جوڑی نے 193 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ۔ روہت شرما 95 اور شیکھر دھون 143 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ آسٹریلیا کے باﺅلرپیٹ کمنز نے 5 بھارتی سورماﺅں کا شکار کیا جبکہ رچرڈسن نے تین اور زیمپا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔