کراچی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فور کا میلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سج چکا ہے جس دوران اب تک دو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے جس کے باعث پاکستانیوں کا جوش و جذبہ بھی آسمان چھو رہا ہے جو مزید ایسے ہی میچ دیکھنے کی امید کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کھیلا گیا اور جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کر رہے تھے مگر ان کا تعلق کراچی سے ہے اور اسی حوالے سے جب رمیز راجہ نے ان کیساتھ سوال کیا تو ایسا جواب دیدیا کہ عماد وسیم اور رمیز راجہ قہقہہ لگانے پر مجبور ہو گئے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ”آپ کراچی کے ہیں اور کراچی کیخلاف کھیل رہے ہیں، زیادتی کر رہے ہیں۔“ جس پر سرفراز احمد نے انتہائی دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”نہیں! زیادتی نہیں کر رہا، کراچی والے لیتے ہی نہیں ٹیم میں۔۔۔“
سرفراز احمد خود ہی اپنے جواب پر قہقہہ لگانے لگے مگر سوال پوچھنے والے رمیز راجہ اور ان کیساتھ کھڑے عماد وسیم بھی اپنی ہنسی پر قابو نہ پا سکے جبکہ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔