نیویارک.. اگر آپ گوگل کروم براﺅزر استعمال کرتے ہیں تو اسے فوری طور پر اپ ڈیٹ کر لیں کیونکہ گوگل کے ایک عہدیدار کی طرف سے اس حوالے سے سخت وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق گوگل کمپنی کے سرکردہ سکیورٹی انجینئر جسٹن شوا نے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ ”گوگل کروم براﺅزر کے پرانے ورژنز میں ایک ایسا بگ (Bug)ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکر باآسانی آپ کا کمپیوٹر ہیک کر سکتے ہیں چنانچہ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرکے گوگل کروم براﺅزر کا نیا ورژن انسٹال کر لیں۔“
جسٹن شوا نے یہ تنبیہ اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر دی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا ہے کہ ”کروم کا ایک جزو ہے جس کا نام ’فائل ریڈر‘ ہے۔ صارفین کروم پر جو ویب سائٹس وزٹ کرتا ہے یہ جزو اس کے کمپیوٹر پر ان ویب سائٹس کا ایکسیس ڈیٹا سٹور کرتا جاتا ہے۔ کروم کا یہی وہ حصہ ہے جوپرانے ورژنز میں ہیکرز کے نشانے پر ہے۔ “ٹیکنالوجی کے ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ گوگل کروم کے پرانے ورژنز میں موجود اس خرابی کی وجہ سے ہیکرز کمپیوٹر کو ہیک کر سکتے ہیں۔ چنانچہ لوگوں کو بعد کے پچھتاوے سے بچنے کے لیے فوری طور پر گوگل کروم براﺅزر اپ ڈیٹ کر لینا چاہیے۔