اکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سجا تو پہلا میچ ہی لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایک مرتبہ پھر لاہور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ کے دوران کرکٹ اور محبت اس وقت سب سے بڑی فاتح نظر آئی جب کراچی کے شائقین کرکٹ لاہور قلندرز اور ان کے مالک فواد رانا کی سپورٹ میں نعرے بازی کرتے رہے اور یہاں تک کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی فواد رانا کیساتھ ناصرف حمایت کا اظہار کیا بلکہ انہیں مشورہ بھی دیا۔
فواد رانا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میری سپورٹ کرتے ہیں۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں 90 فیصد لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ ”رانا تیرے جانثار، بے شمار بے شمار۔۔۔“ وہیں پر مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ نے قلندرز کا نام لیا ہے ، اس لئے سہون شریف ہو کر آئیں اور پھر مجھے سہولیات بھی دیں تاکہ میں آسانی سے مزار پر جا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت زیادہ پیار ملا ہے یہاں تک کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی مجھ سے پیار کا اظہار ہی کیا جس پر میں سب کا بہت زیادہ مشکور ہوں مگر میں اس پیار کے بدلے میں لوگوں کو خوشیاں دینا چاہتا تھا اور وہ خوشی لاہور قلندرز کی جیت سے ہی مل سکتی تھی۔
نہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پانچ لاکھ بچوں کا ٹرائل کیا جس کا مطلب ہے کہ ہم 50 لاکھ لوگوں کیساتھ منسلک ہوئے، اور پھر میں ہر جگہ خود جاتا ہوں اور سارے معاملات کو مانیٹر کرتا ہوں، شائد یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو میرے اندر امید نظر آتی ہے کہ یہ ہمارے ٹیلنٹ کو سامنے لے کر آئے گا۔