صحت انسان کے لئے اتنی ہی ضروری ہے جتنا زندگی، اگر انسان اپنی صحت کا خیا ل رکھے اور اس کے ساتھ متوازن غذا استعمال کرے تو ممکن ہی نہیں کہ وہ کسی مرض میں مبتلا ہو، یا کسی ڈپریشن کا شکار ہو،غذا کے حوالے سے مختلف احادیث بھی ہیں اور آپ ﷺ کا فرمان مبارک بھی ہے کہ متوازن خوراک انسان کے جسم کو توانا رکھتی ہے، اسی لئے اللہ رب العزت نے ہر کھانے والی چیز میں افادیت رکھی ہے ،اس کے ساتھ وقت پر سونا ، وقت پر کھانا ،جتنی بھوک ہو اتنا کھانا یہ سب انسان کے لئے انتہائی ضروری ہیں اگر انسان ان تمام چیزوں پر عمل کرے تو اس کی زندگی بھر پور اور توانا رہتی ہے چہرے پر اداسی کی بجائے ایک دِل کشی رہتی ہے انسان اپنے روز مرہ کے تمام امور بخوبی سر انجام دیتا ہے ،جسم چاک و چوبند رہتا ہے اور کسی ذہنی دباؤیا کسی بھی مرض سے آزاد رہتا ہے۔ڈیپریشن ذہنی دباؤ، افسردگی، دکھی پن کی کیفیت ہے۔
آج کل کے دور میں ذہنی تناؤ معمولی سی بات ہے اور بہت سی بیماریوں کو جنم دے سکتی ہے۔ پوری دنیا میں تین سو کروڑ افراد اس مرض کا شکار ہیں۔ خواتین ،بچے، بوڑھے ،نوجوان اس مرض سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ ڈپریشن کی بنیادی علامات بھی زندگی سے بیزاری، علیحدگی پسند ہونا،خود کو تنہا پسند کرنا، فکر مند اور افسردہ رہنا، بے اعتمادی، سردرد، کمر درد،سینے کی تیزابیت، بالوں کا گرنا، خودکشی کے خیالات کا جنم لینا شامل ہے۔ دنیا میں اس وقت معذوری کی بڑی وجہ ذہنی دباؤ ہے۔متوازن غذا ذہنی تناؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال، اپنی خوراک جس میں کیلشیم کی وافر مقدار ہو اور روزمرہ خوراک میں کتنے جنک اور فاسٹ فوڈ کا خاتمہ ذہنی تناؤ میں کمی لا سکتا ہے۔