Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کیا اے بی ڈویلیئرز نے کمر کی تکلیف کا ’بہانہ‘ بنایا؟ ایسی خبر آ گئی کہ فواد رانا تو کیا پاکستانی بھی حیران پریشان رہ جائیں گے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم میں اے بی ڈویلیئرز شامل ہوئے تو پاکستانیوں کا جوش و جذبہ آسمان چھونے لگا اور پھر جب انہوں نے کراچی کنگز کیخلاف کھیلے گئے ایک میچ میں انتہائی عمدہ بیٹنگ کی تو ہر کوئی ان کے گن گانے لگا۔

لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے تو کپتانی کی ذمہ داری اے بی ڈویلیئرز کو سونپی گئی مگر وہ بھی کمر کی ’تکلیف‘ کا شکار ہو گئے اور ابتدائی طور پر پاکستان آنے کا اعلان کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہی واپس بھی لوٹ گئے جس پر پاکستانیوں کو خاصی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

کسی ایتھلیٹ کیلئے کمر کی تکلیف سے چھٹکارا پانا اتنا آسان نہیں ہوتا اور مکمل صحت یاب ہونے کیلئے کئی مہینے آرام کرنا پڑتا ہے مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اے بی ڈویلیئرز ناصرف ’فٹ‘ ہو چکے ہیں بلکہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کا حصہ بھی بن چکے ہیں جہاں وہ ایک یا دو نہیں بلکہ پورے 14 میچ کھیلیں گے۔

پاکستانی اس بات پر شدید حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے اے بی ڈویلیئرز اتنی جلدی فٹ کیسے ہو گئے کہ 14 میچ کھیلنے کیلئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں؟ کیا انہوں نے آئی پی ایل کیلئے خود کو مکمل فٹ رکھنے کی خاطر چھوٹی موٹی تکلیف کو بہانہ بنا کر باقی میچ نہیں کھیلے؟ آئی پی ایل میں شمولیت کی خبر سامنے آنے کے بعد گمان تو ایسا ہی ہو رہا ہے اور ہر پاکستانی ان پر انگلیاں بھی اٹھا رہا ہے۔

اس بات کو تقویت گزشتہ برس ماضی میں کئی کھلاڑیوں کے ایسے روئیے کے باعث بھی ملتی ہے جن میں ڈوین براوو سرفہرست تھے اور پی ایس ایل ادھوری چھوڑ کر چلے گئے تھے اور بعد ازاں وہ بھی آئی پی ایل میں مکمل صحت یاب اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئے۔ ماہرین کرکٹ بھی اس بات کا اظہار کئی مرتبہ کر چکے ہیں کہ چونکہ پی ایس ایل کے فوری بعد آئی پی ایل ہوتی ہے جس میں پیسے اور شہرت کیساتھ ’شراب اور کباب‘ پر مشتمل پارٹیاں بھی ہوتی ہیں، اس لئے کھلاڑی آئی پی ایل میں فٹ رہنے کی خاطر دیگر لیگز کو ترجیحی بنیادوں پر نہیں لیتے۔

اب اے بی ڈویلیئرز کی تکلیف شدید تھی اور وہ واقعی فٹ ہو گئے ہیں؟ اس بارے سچ تو وہ ہی بتا سکتے ہیں مگر پاکستانی اس پر واقعی حیرت زدہ ہیں کہ جس تکلیف کی خاطر انہوں نے پی ایس ایل کے بقیہ چند میچ نہیں کھیلے اب وہ اچانک کیسے دور ہو گئی کہ آئی پی ایل کے 14 میچ کھیلنے کیلئے انہوں نے بھرپور تیاری بھی شروع کر دی ہے

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More