اسلام آباد.. سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوزرداری آج نیب میں پیش ہوئے تاہم اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور اسلام آباد پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس پر وفاقی وزیراطلاعات نے رد عمل جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ” امید ہے کہ پیپلز پارٹی اسلام آباد پولیس سے معافی مانگے گی ۔“
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ریکارڈ پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہناتھا کہ آج چند درجن لوگوں نے پولیس پرحملہ کیا جس میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے،حملے پرپولیس نے صبراور تحمل کا مظاہرہ کیا ۔ ان کا کہناتھا کہ ایسارویہ کالعدم تنظیموں سے کس طرح مختلف ہے؟، آپ حدپارکریں گے توریاست اپنی ذمہ داری پوری کرےگی۔
فواد چوہدری کا کہناتھا کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا ، امید ہے پیپلزپارٹی کی قیادت آج معذرت کرے گی،بلاول خطاب ایسے کررہے تھے جیسے لاکھوں کے مجمعے سے خطاب کررہے ہوں۔