اسلام آباد.. احتساب عدالت میں استغاثہ کے گواہ محمدنعیم نے نندی پورسے متعلق ریکارڈپیش کردیا ،ریکارڈ میں ای سی سی کی سمری اورکابینہ ڈویژن کے خطوط کے علاوہ 27 دسمبر 2007کے ای سی سی فیصلے کی کاپی بھی شامل ہے جبکہ لیگی رہنما خواجہ آصف نے پیشی کیلئے مہلت مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نندی پور کیس کی سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج ارشدملک نے ریفرنس کی سماعت کی، بابراعوان،مسعودچشتی ودیگرملزمان عدالت پیش ہو گئے جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، لیگی رہنما خواجہ آصف عدالت میںپیش نہ ہو سکے۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے پیشی کیلئے مہلت طلب کرتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہوسکتا،آئندہ سماعت پربیان قلمبندکرادوں گا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نویدقمر سے رابطہ نہیں ہورہا،اس پر جج نے کہاکہ چلیں پھرنویدقمر کاانتظارکرلیتے ہیں۔
استغاثہ کے گواہ محمدنعیم نے نندی پورسے متعلق ریکارڈعدالت پیش کردیا ،ریکارڈ میں ای سی سی کی سمری اورکابینہ ڈویژن کے خطوط بھی پیش کئے گئے اس کے علاوہ 27 دسمبر 2007کے ای سی سی فیصلے کی کاپی بھی پیش کی گئی۔گواہ محمد نعیم نے کہا کہ وزارت پانی وبجلی میں سیکشن افسرہوں،میں نندی پور منصوبے کے ریکارڈکانگران تھا ،19 مارچ 2018 کوتفتیشی افسرکو ریکارڈ دے دیا۔