Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

نااہل ہوا تو میری نشست پرآصفہ لڑیگی: زرداری، آج عدالت پیشی

نواب شاہ،سکرنڈ، اسلام آباد(بیورورپورٹ،نامہ نگار، وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر، آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک ) سا بق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے عدلیہ نے ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی دی،بینظیر بھٹو اور مجھے جیل میں ڈالا،اگر مجھے نااہل کیا گیا تو آصفہ زرداری میری نشست پر انتخاب لڑے گی۔ اسلام آباد روانگی سے قبل نواب شاہ میں گفتگو کرتے ہوئے زرداری نے کہا سازشی عناصر ہمیں قانونی جنگ میں پھنسانا چاہتے ہیں، ہم گھبرانے والے نہیں،ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، مجھے عوام سے دور رکھنے کے لئے سازشیں کی جاری ہیں۔ ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے بینکوں میں پیسہ نہیں،لوگوں نے پیسہ گھروں میں چھپاکر رکھا ہے ،مہنگائی نے عوام کا برا حال کردیا ہے ، بجلی اتنی مہنگی کردی کہ مجھ جیسا شخص بھی سولر سسٹم لگانے کی بات کرتا ہے ،حمزہ شہباز شریف کا ڈرامہ تحریک انصاف اپنے عیب چھپانے کے لئے کررہی ہے ۔ زرداری خصوصی طیارے سے اسلام آ باد پہنچ گئے ۔روانگی سے قبل زرداری نے والدین کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ علاوہ ازیں آصف زرداری نے سراج الحق کو ٹیلی فون کرکے انہیں دوبارہ امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ زرداری نے کہا ملک گوناگوں مسائل کا شکار ہے ،مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت کی ضرورت ہے ۔باہمی رابطوں کی ضرورت پر بھی اتفاق کیاگیا۔ دریں اثنا جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور آج نیب عدالت پیش ہوں گے ، ان کی پیشی کے موقع پر جیالوں کی بڑی تعداد بھی اپنے لیڈر سے اظہار یکجہتی کیلئے عدالت پہنچتی ہے تاہم آج ہونے والی پیشی پر سابق صدر نے کارکنوں کو آ نے سے روک دیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ٹھنڈے دماغ سے مقدمات لڑنے کا قائل ہوں، کارکن کل عدالت نہ آ ئیں۔ قبل ازیں آصف زرداری کے وکلا کی جانب سے نیب کو دو ہفتوں کی مہلت دینے کا خط موصول ہوا ہے ، رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زرداری نے جواب جمع کرانے کے لئے نیب سے 17 اپریل تک مہلت طلب کی ہے ۔ دوسری جانب نیب ذرائع کے مطابق سابق صد ر آصف زرداری کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔ پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سیکورٹی انتظامات سنبھال لئے ،پولیس کے مطابق نیب کورٹ کے اطراف اسلام آباد پولیس کے دو ہزار اہلکار تعینات ہو نگے جبکہ رینجرز کے بھی دو سو اہلکاروں کو سیکورٹی فرائض پر مامور کیا گیا ہے ۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More