Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

 بھارت دہشتگردی کراسکتا ہے ، پاکستان کو الرٹ رہنا ہوگا: عسکری ماہرین

لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )بھارت میں اجیت دوول اور مودی جیسے دہشت گرد ذہنیت کے لوگ ہیں، اس لئے بھارت کھل کر حملہ کرنے کی بجائے چھپ کر پاکستان میں کوئی دہشتگردی کی کارروائی کرا سکتا ہے ، شاہ محمود قریشی نے جو بھارت کی جانب سے حملہ کا ذکر کیا ہے ، یہ کھلم کھلا حملہ بھی ہو سکتا اور دہشتگردی کا واقعہ بھی،اس لئے پاکستان کو ہر طرف سے الرٹ رہنا ہو گا ،پاکستان نے جس بھارتی حملہ کا پیشگی ذکر کیاہے ،اس قسم کی بات کرنے کی ضرورت ہی نہ تھی کیونکہ ایسے حالات میں سرمایہ کار سرمایہ کاری کرنے سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار عسکری ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ائیر مارشل (ر)شاہد لطیف نے کہا پاکستان نے یہ حکمت عملی بالکل ٹھیک بنائی ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بلا کر پہلے ہی وارن کر دیا ہے کہ کسی قسم کی جارحیت سے بھارت باز رہے ، اس سے بھارت کو پیغام چلا گیا کہ پاکستان چوکنا ہے ، بھارت جو پلاننگ کرتا ہے ، ہمیں اس کی پہلے ہی اطلاع ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا اگر دنیا بھارت کو نہیں روک سکتی تو ہماری فوج الرٹ ہے ، جیسے پہلے بھرپور جواب دیا گیا، اب بھی دیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہمیں پوری طرح چوکنا رہنا ہو گا، بھارت کھلم کھلا کوئی جارحیت کرنے کی بجائے پاکستان میں دہشتگردی کا کوئی بڑا واقعہ بھی کرا سکتا ہے کیونکہ بھارت میں اجیت دوول اور مودی جیسے دہشتگرد ذہنیت کے لوگ موجود ہیں۔جنرل (ر)طلعت مسعود نے کہا کہ پاکستان کو جس طرح بھارتی حملہ کی اطلاع ملی ہے ، اس میں پاکستان کو کوئی خاص حکمت عملی بنانے کی ضرورت نہیں کیونکہ پاکستان کی افواج پہلے ہی الرٹ ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ الیکشن تک بھارت کوئی بھی حرکت کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس قسم کا اعلان کرنے کی ضرورت ہی نہیں تھی کیونکہ اس ماحول میں سرمایہ کار سرمایہ کاری سے بھاگ جاتے ہیں اور سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں۔جنرل (ر)راحت لطیف نے کہا بھارت پاکستان پر ایسا حملہ کرنا چاہتا ہے تا کہ اس کو دنیا کے سامنے درست ثابت کیا جا سکے ، بھارت اپنے اندر کوئی پلوامہ ٹائپ حملہ بھی کرا سکتا ہے اور اس کے جواب میں پاکستان پر جارحیت کرا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کی فوج ایک پروفیشنل فوج ہے ، اس قسم کے حملہ کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، بھارت کسی بھی قیمت پر اپنی خفت کو مٹانا چاہتا ہے اور اسی خفت کو مٹانے کیلئے کوئی بھی جارحیت کر سکتا ہے ۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More