Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کفایت شعاری :پاکستان پوسٹ میں سرکاری دوروں ، سفری و ڈیلی الاؤنس پر پابندی

لاہور(انور حسین سمرائ) وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروس کے حکم پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ نے وزارت کے تمام ملازمین کے ہر قسم کے سرکاری دوروں اور سفری و ڈیلی الاؤنس پر کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت پابندی عائد کردی۔ پوسٹ آفسز کی انسپکشن کے لئے بنائی گئی تمام مانیٹرنگ ٹیمز کے آپریشن کو بھی فوری طور پر روک دیا گیا جبکہ اس کے پہلے سے بنائے گئے ٹورز پروگرامز بھی منسوخ کردیئے ہیں۔ نئی ہدایات پرفوری عمل درآمد ہوگا۔ وزارت کے سینئرافسران کے مطابق یہ پابندی پوسٹ آفس مینوئل رولز کی خلاف ورزی و غیر قانونی ہے کیونکہ ایسی پابندی رولز میں ترمیم کرکے لگائی جاسکتی ہے جو وفاقی کابینہ اور وزیر اعظم کا استحقاق ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کی طرف سے 8اپریل کو جاری کردہ مراسلے کے مطابق پاکستان پوسٹ کے ملازمین صرف مجاز حکام سے اجازت لے کر عدالتوں اور آڈٹ پیرا کی تصفیہ اور ایشوز کی ری کنسلی ایشن کے لئے سفری الاؤنس لے سکتے ہیں۔ ان سفری الاونس کے لئے اجازت ناگزیر حالات میں دی جائے گی۔ وزارت کے سینئر افسران نے روزنامہ 92سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پوسٹ آفس مینوئل رولز کے مطابق ملک بھر میں قائم 84 جنرل پوسٹ افس کی ہر دو ماہ بعد اکاؤئنٹس کی تصدیق کے لئے افسران کا دورہ کرنا لازم ہوتا ہے اس کے علاوہ ملک بھر میں کام کرنے والے 13 ہزار سے زائد ڈاک خانوں کی ہر چھ ماہ بعد انسپکشن کرنا ہوتی ہے اور ان سرپرائز وزٹس کے لئے جانے والے افسران و اہلکاروں کو سفری اور ڈیلی الاؤنس دیا جاتا ہے ۔ اب سفری و ڈیلی الاونس ختم ہونے کی وجہ سے پوسٹ افس کا تمام آپریشن بند ہوجائے گا ، ڈاک خانوں میں کرپشن، بدعنوانی اور خوردبرد کو فروغ ملے گا ، انہوں نے مزید بتایا کہ اس پابندی سے قومی خزانہ کو سالانہ دو سے تین کروڑ کی بچت ہوسکتی ہے لیکن پوسٹ افس آپریشن بند ہونے سے اربوں کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ ڈاک خانہ کا کام فیلڈ ورک ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے بتایا کہ لازمی ٹورز پر پابندی نہیں لگائی گئی ۔ یہ پابندی غیر ضروری اور بے جا وزٹس پر لگائی گئی ہے ۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More