کراچی (ایس ایم امین) وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت کو کراچی سیف سٹی منصوبہ صوبائی گرانٹ سے مکمل کرنے کی ہدایت کے بعد کراچی میں 10 ہزارجدید کیمرے لگانے کا منصوبہ منسوخ کردیاگیا۔5ارب روپے کی لاگت سے کراچی میں 10 ہزارجدید کیمرے نصب کرنے کے لیے سندھ حکومت نے وفاق سے گرانٹ کامطالبہ کیا تھا۔وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ منصوبہ صوبائی گرانٹ سے مکمل کرے ۔ معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے نیب کی جانب سے کراچی سیف سٹی منصوبے میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور سندھ پبلک پرو کیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (SPPRA) کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی145 غیر شفافیت کی رپورٹ پرمنصوبے سے ہاتھ کھینچ لیا ہے اورسندھ حکومت کواپنے وسائل سے منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔دوسری جانب سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے گرانٹ فراہم نہ کیے جانے کے فیصلے اورنیب سے تنازع کے بعد اکتوبر 2018 کاسیف سٹی منصوبہ منسوخ کردیا ہے سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب صرف ریڈ زون اورکچھ دیگر علاقوں میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت سیف سٹی منصوبہ شروع کیا جائے گا اورجدید کیمرے لگائے جائیں گے ۔اس ضمن میں حکومت سندھ نے ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک کراچی سیف سٹی پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کرنے اورکیمرے نصب کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے سفارشات طلب کرلی ہیں