اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزارت منصوبہ بندی حکومت کو انفرا اسٹرکچر محاذ پر ضروریات پوری کرنے کیلئے آنے والے بجٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے مجوزہ سائز کو 675 ارب روپے سے بڑھاکر 1000 ارب روپے کرنے کی تجویز دے گی۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے بجٹ میں پی ایس ڈی پی کے سائز کیلئے ہم قومی خزانے کے ذریعے 750 ارب روپے اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے ذریعے 250 ارب روپے کی اضافی رقم نشان زد کرنے کا آپشن تلاش کر نے کی تجویز دینے والے ہیں جس سے 2019-20 میں ڈویلپمنٹ کا خرچ مجموعی طور پر 1000 ارب روپے ہوجائے گا۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ پرائیورٹیز کمیٹی میں وزارتوں یا ڈویژنوں کے ساتھ دو روزہ غور و فکر کے بعد منصوبہ بندی کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت سے باضابطہ بات کی جائے کہ پی ایس ڈی پی کا سائز بڑھا کر 1000 ارب روپے کیا جائے جس میں 750 ارب روپے قومی خزانے سے اور 250 ارب روپے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے شامل ہوں گے۔