لاہور( حافظ فیض احمد) ایف آئی اے نے بعض ہسپتالوں سے چوری ہونے والی سرکاری ا دویات اورغیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والے گروہ کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کرکے کوائف حاصل کر لئے اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دیں، آئندہ چند روز میں گرفتاریاں متوقع ہیں، ایسے ہسپتالوں کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات پر ڈائریکٹر ایف آئی اے زون 2ڈاکٹر محمد طارق رستم چوہان نے ڈپٹی دائریکٹرجمیل خان میو کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی جس نے ہسپتالوں سے چوری ہونے والی امراض قلب کی سرکاری اور دیگر ادویات پکڑنے کے ساتھ لاہور سمیت دیگر اضلاع میں غیر معیاری اورغیر رجسٹرڈ ادویات پکڑنے کے لئے ایسے گروہ کے کوائف حاصل کر لئے ہیں۔ بعض ہسپتالوں سے عملے کی ملی بھگت سے سرکاری دوائیاں چوری کر کے مارکیٹ میں فروخت کر دی جاتی ہیں اور لیبل پر لگائی گئی سرکاری مہر کو مٹا دیا جاتا ہے ۔ کئی گروہ نئی پیکنگ میں سرکاری ادویات پیک کر کے فروخت کر دیتے ہیں جبکہ چوری شدہ ادویات کا سٹاک گودام میں رکھا جاتا ہے اور بہت کم دوائیاں میڈیکل سٹور پر رکھی جاتی ہیں۔ دور دراز علاقوں میں بھی زیادہ تر ہسپتالوں سے چوری ہونے والی ادویات سپلائی کی جاتی ہے اور لیبل پر پرنٹ تحریر بھی مٹا دی جاتی ہے ۔حکام نے لاہور سمیت دیگر اضلاع میں غیر معیاری ادویات سٹاک کرنے اور دوائیوں کی قلت پیدا کر کے مہنگے داموں فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی شکنجہ تیار کر لیا جبکہ ملی بھگت سے غیر ملکی غیر رجسٹرڈ ادویات منگوانے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے جمیل احمد خان میو نے کہاغیر معیاری اور ہسپتالوں سے چوری شدہ ادویات فروخت کرنے والے گروہ کے کوائف حاصل کرکے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی، ملزمان کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گئے ۔