Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

فیٹف شرائط منی لانڈرنگ پر سزا بڑھاکر 10 سال جرمانہ 5 لاکھ کرنیکی تجاویز

اسلام آباد(ساجد چودھری)منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ کی روک تھام کے متعلق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ آج جمعرات کو اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2019 اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیمی بل 2019 کی منظوری دے گی۔ نئی ترامیم سے پاکستان کے اینٹی منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے متعلق قانون کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ نئی ترامیم میں بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ ثابت ہونے پر سزا کی مدت 7 سال سے بڑھاکر 10 سال کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور یہ سزا قید بامشقت ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ جرمانہ کی شرح 2 سے بڑھاکر 5 لاکھ روپے تک کردی جائے گی، اینٹی منی لانڈرنگ کی یہ نئی ترامیم اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کا حصہ بنائی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیمی بل کے ذریعے متعارف کروائی جانے والی نئی ترامیم کے تحت فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی سزا 1 سال سے بڑھاکر 5 سال کردی جائے گی اور فارن کرنسی ایکٹ کی خلاف ورزی ناقابل ضمانت اور قابل دست اندازی پولیس جرم ہوگا، ایسے کیسوں کے فیصلے 6 ماہ کے اندر کئے جائیں گے ، اس اقدام کا مقصد ملک میں ہنڈی اور حوالہ میں ملوث افراد کوسزا دے کران کے غیرقانونی کاروبار کا خاتمہ کرنا ہے ۔ اجلاس میں سابقہ 12 اجلاسوں میں پیش کی جانے والی سفارشات پر ایف بی آر، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کی جانب سے عملدرآمد کاجائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کو بینکنگ سیکٹر میں کی جانے والی ٹیکس چوری پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں سود سے پاک معیشت کے قیام کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے ایک نجی بل پر بھی غور کیا جائے گا۔ ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کے برآمدی یونٹوں کی بحالی پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More