اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان بیڈ ویئر ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مقرر کئے گئے نئے چیئرمین سید شبر زیدی کو بھجوائے گئے تہنیتی خط میں نئے موقر عہدے پر فائز ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیر احمد نے اپنے خط میں اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ سید شبر زیدی کی اس اہم عہدے پر تقرری سے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا کیونکہ گزشتہ چند سالوں سے آرگنائزڈ بزنس کمیونٹی ایف بی آر اور اس کے بعض افسروں کے رویئے اور اپروچ سے مایوسی کا شکار ہونے لگی ہے۔ ایف بی آر اور آرگنائزڈ بزنس کمیونٹی کے مابین باہمی اعتماد کا فقدان بڑھتا جارہا ہے۔ آپ جیسے قومی ٹیکس ماہر کو چیئرمین ایف بی آر بنانے کے وزیراعظم پاکستان کے فیصلے سے ہمیں اعتماد ملا ہے کہ ایف بی آر اور آرگنائزڈ بزنس کمیونٹی کے مابین اعتماد کے فقدان کا گیپ مزید نہیں بڑھے گا بلکہ یہ تیزی سے کم ہونے لگے گا کیونکہ آرگنائزڈ بزنس کمیونٹی کو چیئرمین سید شبر زیدی کی صلاحیتوں کا بخوبی ادراک ہے۔