اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)قومی احتساب بیورو(نیب) نے بحریہ ٹائون کیمالک ملک ریاض اور انکے بیٹے علی ملک کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی میں جعلی بینک اکائونٹس کیس تحقیقات جاری ہیں۔ نیب راولپنڈی نے تحقیقات کیلئے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کو 15 مئی کو اور انکے بیٹے علی ملک کو16 مئی کو طلب کر لیا ہے ۔باپ بیٹے سے جوائنٹ وینچر کیس سے متعلق تفتیش کی جائیگی۔ علاوہ ازیں بحریہ ٹائون کی جانب سے کروڑوں روپے کی ادائیگیوں سے متعلق بھی پوچھ گچھ ہوگی ۔قبل ازیں گزشتہ ماہ کی 10تاریخ کونیب ہیڈ کوارٹرز کو بحریہ ٹاؤن کے مالک کیخلاف دوسرا ریفرنس موصول ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق زمینوں پرغیر قانونی قبضے کے معاملے پر بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض پر قانون کی پکڑ مزید سخت ہوگئی ہے ۔ نیب کو موصول ریفرنس میں الزام عائد کیا گیاکہ ملک ریاض نے شاملات دیہہ کے رقبے پر قبضہ کرکے بحریہ گالف سٹی منصوبہ بنایا۔ ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ زمین کی الاٹمنٹ بھی غیر قانونی طور پر کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے ملک ریاض کے خلاف بحریہ گالف سٹی ریفرنس نیب ہیڈ کوارٹرز کو بھجوا دیا ہے تاہم ریفرنس چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد عدالت میں دائر کیا جائے گا۔ریفرنس میں ملک ریاض کے بیٹے علی ملک کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔نیب راولپنڈی نے ملک ریاض کیخلاف پہلا ریفرنس تخت پڑی کیس میں تیار کیا تھا۔