اسلام آباد (جہانگیر منہاس) تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے 9 ماہ بعد بھی ملک سے 2 لاکھ افرادی قوت کو قطر سمیت دیگر ممالک میں بھجوانے کا ٹاسک پورا نہ کیا جا سکا۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز کے دعوئوں کے باوجود تاحال ایک پاکستانی بھی قطر نہ بھجوایا جا سکا ہے جبکہ اس کے برعکس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ4 ماہ کے دوران ہمسایہ ملک بھار ت نے پونے 4 لاکھ ہنر مند افراد کوروزگار کے حصول کے لئے قطر بھجوایا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت سمندر پار پاکستانیز اور مشیروزیراعظم زلفی بخاری نے وزارت کا چارج سنبھالتے وقت یہ دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں ہنر مند پاکستانیوں کو روزگار کے حصول کے لئے بھجوایا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں قطر کے اندر ویزافسلیٹیشن کے دفتر کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا تھا لیکن ابھی تک قطر میں ہنر مند افراد ی قوت کو بھجوانے کے سلسلے میں سہولت کاری کے لئے کوئی دفتر قائم نہیں کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے فوری بعد وزیراعظم عمران خان نے یہ اعلان کیا تھا کہ ملک کو قرضوں سے نجات اور بہتر معاشی پالیسیوں کیلئے بیرون ممالک رہائش پذیر تارکین وطن سرمایہ کاری کے لئے نہ صرف بڑھ چڑ کر حصہ لیں گے بلکہ زرمبادلہ کی صورت میں بھاری سرمایہ پاکستان منتقل کریں گے ۔ وزارت سمند پار پاکستانیز کے حکام اس حوالے سے بھی کوئی تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے میں یکسر ناکام رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت کے حکام پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کو قطر بھجوانے کے حوالے سے قطر حکام کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل نہیں دے سکے جس کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری میں کمی کا مسئلہ جوں کی توں کی صورتحال اختیار کئے ہوئے ہے ۔ ذرائع کے مطابق مشیروزیراعظم زلفی بخاری بیرون ممالک میں ہنر مند پاکستانیوں کو بھجوانے کے حوالے سے ان ممالک میں کمرشل اور لیبر اتاشیوں کو متحرک کرنے میں ناکام رہے ہیں۔