اسلام آباد( ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے وفاقی وزارتوں، ڈویژن کے ماتحت اداروں ، محکموں کے سربراہوں کی عارضی تعیناتی اور اضافی چارج دینے پر پابندی عائد کردی ۔ حکومت نے تین ماہ میں محکموں کے سربراہوں کی خالی آسامیوں پر مستقل سربراہ تعینات کرنے کے احکاما ت دئیے ہیں ۔ وفاقی وزارتوں ، ڈویژن کے 150 سے زائد ماتحت اداروں اورمحکموں کے سربراہوں کی اسامیاں خالی ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے احکاما ت کے مطابق وزارتوں ، ڈویژنوں کے ماتحت محکموں ، اداروں کے عارضی تعینات کیے گئے سربراہوں کی مدت میں آئندہ تین ماہ سے زیادہ توسیع نہیں کی جائے گی ۔ اور تین ماہ میں مذکورہ آسامیوں پر تقرری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں ، ڈویژن کو احکامات دئیے ہین کہ آئندہ کسی محکمہ کے سربراہ کی اسامی پر عارضی تعیناتی یا اضافی چارج دینے کے لیے سمری نہ بھجوائی جائے ۔ کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریزاور ایڈیشنل سیکرٹریز کو محکموں کے سربراہوں کا اضافی چارج دینے پر پابندی عائد کردی ۔