لاہور (یاسین ملک )صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں جمع کرائی گئی آڈٹ رپورٹ 2016 .17میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دونوں اتھارٹیز میں 60 کروڑ 61لاکھ روپے سے زائد کی کرپشن اور مالی بے ضابطگیاں ہو ئیں ۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق صوبائی ڈ یزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے پیپرا رولز کے برخلاف شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کے لئے چار سپلائرز کے لئے 42000تھیلے ایک کروڑ 91 لاکھ 52ہزار روپے کے خرید لئے ، اسی طرح شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کی ریلیف اشیا کی پیکنگ کا سامان بھی پیپرا رولز کے برخلاف 40لاکھ 77ہزار کا خرید لیا جبکہ شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز کے لئے سپیشل عید گفٹ بھی پیپرا رولز کے برخلاف 3 کروڑ 14 لاکھ روپے میں خرید لئے گئے اور آٹا اور پلاسٹک میٹ کی خریداری پر 2کروڑ 83لاکھ 15ہزار کی خلاف ضابطہ ادائیگی کی گئی جبکہ ٹرانسپورٹرز کو 25 کروڑ 58لاکھ روپے کی زائد ادائیگی کر دی گئی اور ان ٹرانسپورٹرز سے سیلز ٹیکس کی کٹوتی نہ کرنے سے قومی خزانے کو 2کروڑ 88لاکھ 67ہزار روپے کا نقصان ہوا ، سٹور سے چاولوں کے تھیلے غائب ہونے سے 22لاکھ روپے کا نقصان ہوا ،35کروڑ 72لاکھ 70ہزار روپے کے ٹینٹ خریدے گئے مگر انکا سٹاک میں کوئی اندراج کیا گیا اور نہ ہی جاری کرنے کا کوئی اندراج ہوا جو خلاف ضابطہ ہے ، ریلیف سامان کی مرمت کی مد میں 2کروڑ 56لاکھ روپے کی خلاف ضابطہ ادائیگی کر دی گئی ۔ ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے 12کروڑ 75لاکھ 78ہزار روپے کا ریلیف سامان اور فوڈ سامان راجن پور میں فلڈ متاثرین میں خلاف ضابطہ راشن کارڈ کے بغیر ہی تقسیم کر دیا ، علاوہ ازیں 2کروڑ 72لاکھ 70ہزار روپے ایس ڈی اے اکائونٹ سے پی ایل ایس اکائونٹ میں خلاف ضابطہ ٹرانسفر کر دئیے گئے جبکہ سپلائرز کو 19لاکھ 49ہزار روپے کی ادائیگی بذریعہ چیک کی بجائے بذریعہ کیش کر دی گئی جو خلاف ضابطہ قرار دی گئی ہے ۔ 60 کروڑ 61لاکھ روپے سے زائد کی کرپشن اور مالی بے ضابطگیاں کی گئیں