Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

مذاکرات کیلئے متعدد بار رابطہ کیا گیا ہم نے انکار کردیا

اسلام آباد (نامہ نگار،خبر نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لئے تیار ہیں تاہم عوام یہ مدت پوری نہیں کرنے دیں گے ، مذاکرات کے لئے متعدد مرتبہ ہم سے رابطہ کیا گیا لیکن ہم نے بات چیت نہیں کی، میں اورنواز شریف تیار نہیں ہوئے ،ہم بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے ،میرا کسی بھی ادارے سے ٹکراؤکا ارادہ ہے نہ کرنا چاہتی ہوں،اگر ویڈیو اصلی ہے تو پھر نواز شریف کو جیل میں رکھنا غیرقانونی ہے ، فرانزک کرالیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائیگا،نوازشریف کو انصاف ملنا چاہیے ،جتنے مرضی قائدین گرفتار کر لیں ڈرنے والے نہیں ،ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے ، حکومت مکمل طورپر ناکام ہو چکی،احتجاج کا فیصلہ اے پی سی میں مشاورت کے بعد کیا جائیگا،تاجروں کی ہڑتال عوامی غصے کی جھلک ہے ۔ احتساب عدالت پیشی کے موقع پرغیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہاملک میں آزادی اظہار معطل ہوچکا ہے ۔ ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کیا لوازمات ہیں؟تو مریم نواز نے جواب دیا اس کے لئے اصولوں کی قربانی دینا پڑتی ہے اور ہم اس کے لئے تیار نہیں ۔ اب کسی کی جرات نہیں کہ آمریت کی طرف دیکھے ، آمر ناکام ہوچکے اور آج وہ بیمار ہیں، اﷲ انہیں صحت دے ۔ صحافی نے سوال کیا کہ جن شخصیات کے بارے آپ نے انٹرویوز میں ذکر کیا ان کی ویڈیوز اور نام کب منظر عام پر لا رہی ہیں؟ ۔ مریم نواز نے کہامیں صرف مسلم لیگ ن کی ممبر ہی نہیں بلکہ اس ملک کی ذمہ دار شہری بھی ہوں،میری جو ڈیمانڈز ہیں ان کو محدود کر رہی ہوں، جو ویڈیوز ثبوت میں دکھا چکی ہوں وہی کافی ہیں ،صحافی نے پوچھا جج ارشد ملک نے آپ کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے ۔مریم نواز نے کہامقدمہ میرے نہیں جج کے خلاف درج کیا جانا چاہیے ،اگر ویڈیو ٹیمپرڈ ہے تو جج صاحب کوکیوں نکالا؟میں نے تو ثبوت عوام کے سامنے پیش کیا،سوشل میڈیا کو نشانہ بنانے والی حکومت کمزور ہے ،وہ آوازیں بہت مضبوط ہیں جنہیں بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پرجو آئین اور قانون کے مطابق لکھا ہے اس سے ایک لفظ بھی ادھر ادھر نہیں ہونا چاہیے ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہایہ عمران نیازی کی فسطائیت اورآمرانہ ذہنیت کا ثبوت ہے ۔ نہتے ، پرامن اور جمہوری حق استعمال کرنے والے کارکنوں کی گرفتاری عمران نیازی کے خوف میں مبتلا ہونے کی علامت ہے ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا بدقسمتی ہے جو کام آمریت کرتی وہ جمہوریت کررہی ہے ،مجھ پر بے بنیاد اور جھوٹا کیس بنایاگیا،انصاف کی صفر بٹا صفر امید ہے ، میری کوئی خفیہ ویڈیو نہیں ہے ۔ مریم اورنگزیب نے کہاعمران صاحب آپ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شریف فوبیا کا شکار ہیں۔نہتے کارکنوں کو گرفتار کرنا خوف نہیں تو اور کیا ہے ؟،آپ کو رات نیند نہیں آئی ہو گی کہ صبح مریم نواز نے اسلام آباد آنا ہے ، پوری حکومت خوف سے سے تھر تھر کانپ رہی تھی ۔ احسن اقبال نے کہا عمران خان کو قتدار پر قبضہ کرا کے بٹھایا گیا،یہ احتساب نہیں بدترین انتقامی کارروائی ہے ،بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا ہمارا جرم بن گیا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More