لاہور،اسلام آباد ، مظفر آباد(اپنی لیڈی رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹرسے ، ایجنسیاں)ملک بھر میں مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور کئی شہروں میں دن بھر بارش برستی رہی جبکہ آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 4 مکانات منہدم ہوگئے جن کے ملبے تلے آکر 7 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کا سپیل اپنے رنگ دکھا رہا ہے ، ٹھنڈی ہواؤں اور ابر کرم سے حبس کی شدت میں کمی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔لاہور میں لکشمی چوک میں 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، کئی علاقے زیر آب گئے جبکہ واسا کی ٹیمیں متحرک رہیں ۔ سیالکوٹ اور ڈسکہ میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔اسلام آباد ، ڈیرہ غازی خان، وزیر آباد، منڈی بہاؤالدین ، کراچی، پشاور و دیگر شہروں میں بھی خوب بادل برسے ۔ ادھر آزاد کشمیر کے ضلع راولا کوٹ کے علاقے ہجیرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 4 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے اور خاتون ، 2 بچوں سمیت 7 افراد جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان ،بہاولپور ،کراچی، پشاور، ہزارہ، مالا کنڈ، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے جبکہ پنجاب میں داخل ہونیوالا مون سون کا یہ سپیل مزید 2 روز تک جاری رہے گا۔بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے اور دریائوں ، نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔