لاہور(نیوز رپورٹر )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جواز بناتے ہوئے آڑھتیوں نے اشیا خورونوش اور سبزیوں کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا ۔ عید گزرنے کے باوجود سبزیاں اور سبز مصالحہ جات سستے نہ ہوسکے ۔ٹماٹر ،پیاز ،لہسن ادرک کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، ادرک 100روپے پائو اور 400 روپے کلوبیچا جارہا ہے ،ٹماٹر فی کلو 60روپے سے 80روپے تک فروخت ہورہا،بازار میں دیسی لہسن 240روپے کلو ،پیاز 60روپے سے 80روپے کلو میں دستیاب ہے ،ٹماٹر ،پیاز ،لہسن ،ادرک مہنگا ہونے سے عید پر گھر میں آیا گوشت پکانا بھی مشکل ہوگیا، سرکاری نرخ سے زائد دام مانگنے پر خریداروں اور دکانداروں میں تلخ کلامی کے واقعات سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے میں انتظامیہ ناکام ہوگئی ہے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی کم دکھائی دے رہے ہیں، عوام کو مہنگے داموں سبزیاں بیج کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔