Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پانے کا دعویٰ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے دعوی کیا ہے کہ حکومت نے کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پا لیاہے اور حکومت جلد معاشی بحران پر قابو پالے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرسے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اہم ملا قا ت کی ہے ، اسپیکر ہاوس میں ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خزانہ نے اسپیکر کو موجودہ معاشی و اقتصادی صورتحال کو مستحکم بنا نے اورملک کے کسان اور زراعت کی ترقی کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمیں کسان دوست پالیسیاں بنانا ہونگی۔معاشی پالیسیوں میں عام آدمی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے ،اسد قیصرکا کہنا تھا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتی ہے۔ کاشت کاری میں مشکلات کی وجہ سے معاشی ترقی بھی سست روی کا شکار ہے۔ زرعی پیداوار میں اضافہ ہی ملکی معیشت کی حالت بہتر کر سکتا ہے۔اسپیکرنے مزید کہاکہ کپاس جیسی اہم فصلوں کی بہتری کے لئے تاریخی فیصلے کرنے ہونگے۔معیشت کی بہتری کے لیے کسان کو سہولیات دینی ہونگی۔صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ٹیکس ریفارمز پر توجہ مرکوز کی جائے۔ اس دوران مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہاکہ وفاقی حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔صنعتکاروں کے مسائل حل کررہے ہیں ،کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پا لیا گیاہے ۔کمزور معیشت موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملی ہے لیکن حکومت اس کی بہتری کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے،ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہاکہ اس وقت حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔ پا کستان کے معاشی بحران کا مستقل حل چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اس پر جلد قابو پا لے گی۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More