کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں19 نکاتی ایجنڈےپر غور کیا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت مریم نواز کی نائب صدارت برقرار رکھنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ سزا یافتہ شخص کسی عہدے پر فائز نہیں ہو سکتا، اس فیصلے میں مانا گیا ہے کہ مریم نواز سزا یافتہ ہیں، اور وہ کسی جلسے جلوس اور سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لےسکتیں، الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلےکی خلاف ورزی ہے، فیصلےمیں نائب صدر کےعہدے کو غیرفعال کہا گیا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو مجوزہ دورہ امریکا پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کرامریکا جا رہے ہیں، اپنے دورے میں اہم رہنماؤں سےملاقاتیں کریں گے۔