Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آزاد کشمیر میں زلزلےسے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی، 400 سے زائد زخمی

آفٹر شاکس آنے کا امکان، آرمی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں

آزاد کشمیر سمیت ملک کے کئی علاقوں میں شدید زلزلہ آیا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں، دفاتر اور گھروں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ داخلہ کشمیر نے تصدیق کی ہے کہ میر پور سمیت آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے میر پور کے کچھ علاقے زیادہ متاثر ہوئے، منگلا سے جاتلاں جانے والی سڑک، 3 پل اور کئی مکانات منہدم ہوئے ہیں جب کہ منگلا ڈیم اس زلزلے سے متاثر نہیں ہوا لیکن احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ٹربائن بند کی تھیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ فوجی دستے متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں، پی ڈی ایم اے بھی امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے 20 ایمبولینسز اور 100 ریسکیو اہلکار پہنچ چکے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں خیمے کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات بھی بھیجی جارہی ہیں تاہم کل متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کروں گا۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورہ لاہور مختصرکردیا، وہ امدادی کاموں کی نگرانی خود کریں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ریسکیواداروں کوامدادی سرگرمیاں تیزکرنےکی ہدایات کردی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد اگلے 24 گھنٹے تک آفٹر شاکس آنے کا امکان ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر، اسلام آباد اور مختلف شہروں میں شدید زلزے کی وجہ سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔وزیراعظم نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو آزادکشمیر میں امدادی کارروائیوں میں فوری حصہ لینے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد آرمی ایوی ایشن اور میڈیکل ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں۔

آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے میرپور میں نقصانات کا فضائی جائزہ مکمل کرلیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میرپور ، جڑی کس اور جاتلاں کے علاقوں میں فضائی جائزہ مکمل کیا گیا جب کہ پاک فوج کے دستے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More