مظفر آباد(ویب ڈیسک) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر آزاد کشمیر بھر سے  ہزاروں افراد نے چکوٹھی سے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کے لئے مارچ شروع کردیا ہے۔

آزاد کشمیر سے آنے والے افراد نے مظفرآباد سے پیدل سیز فائر لائن کی جانب مارچ شروع کیا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔

اس مارچ میں بزرگ، خواتین اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہیں۔ مارچ کے شرکاء کو لائن آف کنٹرول کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لئے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا ہے کہ مارچ کرنے والے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو شدید جانی نقصان ہو سکتا ہے۔