اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ اختیار کرنے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر ریاض پہنچے جہاں ان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی۔ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس آئی، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور دیگر سینئر افسران شریک تھے۔
ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا جب کہ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بھارت کے پانچ اگست کے جابرانہ اقدام سے بھی آگاہ کیا۔