راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے جب کہ فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور دو بنکرز تباہ ہوگئے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے بھی موثر جواب دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 5 شہری شہید جب کہ 2 سپاہی اور 3 شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔