کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان یونیورسٹی میں طلبا کو ہراساں کر نے کے معاملے پر وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال عارضی طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔
گورنر بلوچستان کے دفتر سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن میں وائس چانسلر کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسکینڈل کی شفاف انکوائری کو یقینی بنانے اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر کی درخواست پر صوبے کے گورنر جسٹس (ر) امان اللہ خان یٰسین زئی اور یونیورسٹی کے چانلسر نے ڈاکٹر جاوید اقبال کی اس درخواست کو منظور کیا کہ وہ ایف آئی اے کی جانب سے اسکینڈل کی تحقیقات مکمل کیے جانے تک اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار رہیں گے۔
مذکورہ نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد انور پانیزئی کو تاحکم ثانی بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج دے دیا گیا۔