لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو سروسز ہسپتال سے واپس کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف کو جمعرات کی علی الصبح جیل واپس منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر مریم نوازکو اپنے والد سے ملنے کے لیے جیل سے سروسز ہسپتال جانے کی اجازت دی گئی تھی اورنواز شرفی سے ملاقات کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی کہ انھیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مریم نواز کو ہسپتال میں رکھنے کے کی ڈاکٹروں کی ہدایت کے باوجود کوٹ لکھپت جیل منتقل کر نے کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کے باوجود مریم نواز کو صبح پانچ بجے جیل واپس بھیجنا تشویش ناک ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب مریم نواز کو جیل بھیجا جا رہا تھا اس وقت بھی ان کی طبیعت خراب تھی اور انھیں بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن نارمل نہ ہونے کی شکایت تھی۔ ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کر نے کے بعد مریم نواز کو ہسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ گذشتہ چند روز سے ان کی طبیعت ناساز ہے۔
انھوں نے کہا کہ مریم نواز کی میڈیکل رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جارہی تھیں۔ مریم نواز کو اس انداز میں جیل بھیجنا ان کے بیمار والد کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔