کراچی (ویب ڈیسک) کراچی میں والد نے اپنی معصوم بیٹی پر جان قربان کر کے باپ کی محبت کی نئی داستان رقم کر دی
کراچی کا رہائشی، 6 بچوں کا باپ، 45 سالہ محمد سلیم جو اپنی 4 سالہ بیٹی کو پاگل کتے سے بچاتے ہوئے زخمی ہو گیا تھا اور بعد ازاں جناح اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میںدم توڑ گیا
نیو کراچی کا رہائشی درزی سلیم اپنی 4 سالہ بیٹی کو لے کر گھر سے باہر نکلا ہی تھا کہ گلی میں موجود پاگل کتے نے اس کی بیٹی پر حملہ کر دیا۔
سلیم نے کتے کا وار اپنے ہاتھوں پر روکا اور دوسرے ہاتھ سے اسے پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی جس پر کتے نے اس کے ہاتھ کا انگوٹھا چبا ڈالا۔
بچی ڈر کر اپنے باپ کی ٹانگوں سے لپٹ گئی جبکہ گلی میں موجود لوگوں نے کتے کو پتھروں اور ڈنڈوں سے مار کر بھگا دیا۔
محمد سلیم بروقت کتے کی کاٹے کی ویکسین نہ ملنے کیو جہ سے جناح ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں 2 روز تک موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہا کیونکہ ڈاکٹروںکا کہنا تھا کہ اسے ریبیز کی لاعلاج بیماری لاحق ہوچکی تھی اور وہ صرف اس کے درد اور تکلیف کو کم کرنے کے لیے دردکش ادویات ہی دے سکتے تھے۔
آخر کار سلیم ہسپتال میں ہی اپنی زندگی کی بازی ہار گیا اور اس نے اپنی بیٹی پر جان نچھاور کر کے باپ بیٹی کی محبت کی لازوال داستان رقم کر دی۔