تیونس سٹی(نیوز ڈیسک)تْونس کے شمال میں واقع علاقے عمدون بس کے ایک خوف ناک حادثے میں24افراد ہلاک ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق تْونس کی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والی بس ایک نجی ٹریول کمپنی کی تھی۔وہ دارالحکومت تیونس سے تفریحی دورے پر الجزائر کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے عین درہم کی جانب جارہی تھی اور ایک وادی میں قلابازیاں کھاتی ہوئی جا گری۔مقامی میڈیا نے حادثے کے بعد پچکی ہوئی بس کی تصاویر نشر کی ہیں۔بس پہاڑ کے دامن میں الٹی پڑی تھی اور اس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ چکے تھے۔وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ بدقسمت بس میں تینتالیس مسافر سوار تھے۔ان میں بیس سے زیادہ شدید زخمی ہوئے ۔انھیں فوری طبی امداد کے لیے عمدون اور بیجا کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔تاہم وزارت نے یہ وضاحت نہیں کی کہ آیا تمام متوفیان اور مجروحین مقامی ہیں لیکن اس روٹ پرتْونس بھر سے شہری اس علاقے کی سیر وتفریح کے لیے آتے رہتے ہیں۔