اسلام آباد،لاہور(نیوز ڈیسک): وزیر اعظم عمران خان نے سموگ کے خاتمہ کے لئے پنجاب حکومت کی سفارشات کی منظوری دے دی ۔لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کی 250بسوں کو ہائبرڈ یا الیکٹرک پر لے جانے کا منصوبہ ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل پر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے پر پابندی ہو گی۔لاہور میں 60ہزار کینال پر جنگلات لگائے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے معاملہ پر وزیر اعظم کے تحفظات کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے سفارشات بھجوائی تھیں جنہیں وزیر اعظم عمران خان نے منظور کر لیا ہے اور اس حوالہ سے اصولی منظور ی دے گئی ہے۔ لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کی 250بسوں کو ہائبرڈ یا الیکٹرک پر لے جانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور آئندہ جو بھی نئی ٹرانسپورٹ خریدی جائے گی یا تو وہ ہائبرڈ ہو گی یا سی این جی پر چلیں گی یا پھر بجلی کے ذریعہ چلیں گی۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ پیٹرول اور ڈیزل پر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے پر پابندی ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دیں گے اور آلودگی کے خاتمہ کے لئے حکومت پنجاب تمام اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔