Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

حکمر ان کشمیر کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرانے کے لیے لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔سینیٹرسراج الحق

اکستانی کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔مگر غیور عوام کی قیادت بزدل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے

رحیم یارخان(نیوز ڈیسک): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرانے کے لیے لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔رحیم یار خان میں کشمیر یکجہتی مارچ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔مگر غیور عوام کی قیادت بزدل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔اسلام آباد ایک قبرستان کا منظر پیش کررہا ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ تو لڑرہی ہیں لیکن کوئی بھی کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں۔کشمیری مائیں اور بہنیں مد د کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک طرف مہنگائی کا عذاب مسلط کرکے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے تو دوسری کشمیریوں کی مدد نہ کرکے نظریہ پاکستان سے غداری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندرتعمیر کرنے اور کشمیر کو انڈین یونین کا حصہ بنانے کا الیکشن میں وعدہ کیا تھا اور آج مودی نے دونوں وعدے پورے کردیے۔انہوں نے کہا مودی جس نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کروایا اور جسے یورپ اور امریکہ نے دہشت گردقرار دیا آ ج وہ انہی ممالک کی آنکھ کا تارا ہے اور پاکستانی حکمرانوں کا مذاق اڑا رہا ہے۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ مغربی دریائوں سے پانی بند کرکے پاکستان کو بنجر بنانا اور کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا مودی حکومت کا ایجنڈا ہے۔لیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے کیونکہ ان سب کے پاس امریکہ اور یورپ کی شہریتیں ہیں۔ان کے کاروبار بھی انہی ممالک میں ہیں اور ان کے بچے بھی غیرملکی ہیں۔حکمران طبقہ بس اس ملک پرمعین قریشی اور شوکت عزیز کی طرح حکومت کرنے کے لیے آتا ہے اور بعد میں غائب ہوجاتاہے لیکن ہم سب نے تو اسی ملک میں رہنا ہے۔ہم مودی حکومت کو اس کے ناپاک عزائم پورے کرنے کا کبھی موقع نہیں دیں گے،بھلے پاکستانی حکمران اندر کھاتے ان سے جو مرضی سودے بازی کرلیں جس طرح اس خطہ کے غیور عوام نے افغانستان میں روس اور امریکہ کو شکست دی ہے اسی طرح کشمیر ی انڈیا کو سری نگر میں شکست فاش دیں گے۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر مارچ کاانعقاد کررہی ہے جس میں پورے ملک سے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہونگے۔کشمیر آزادی مار چ کا مقصد سوئے حکمرانوں کو جگانا ہے ان حکمرانوں کو جو اقوام متحدہ میں کشمیر پر ایک پرجوش تقریر کرکے اس مسئلہ کو مکمل طورپر بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اسی روز کشمیر پرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب جنوبی رائو ظفر اقبال ،صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل اور امیر جماعت اسلامی ضلع رحیم یار خان ڈاکٹر انوار الحق نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر عوام کی بڑی تعدا د نے امیر جماعت اسلامی کو کشمیر مارچ میں شرکت کا یقین دلایا ۔انہوں نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی شہ رگ کو بھارتی قبضہ سے نجات دلانے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More