Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

تفصیلی فیصلے نے ہمارے خدشات کو درست ثابت کردیا ہے :ڈی جی آئی ایس پی آر

آج کا تفصیلی فیصلہ  تہذیب اور اقدار سے بالاتر ہے اور چند لوگ آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں

تفصیلی فیصلے نے ہمارے خدشات کو درست ثابت کردیا ہے :ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کا تفصیلی فیصلہ  تہذیب اور اقدار سے بالاتر ہے اور چند لوگ آپس میں لڑوانا چاہتے ہیں

اگر ہمیں خطرات کے بارے میں معلوم ہے تو ہمارے پاس اس کا ردعمل بھی موجود ہے، اگر ہم بیرونی حملوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں، اندرونی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو جو ملک دشمن قوتوں کا موجودہ ڈیزائن چل رہا ہے، اسے سمجھ کر اس کا بھی مقابلہ کریں گے

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم آج ہائبرڈ وار کا سامنا کررہے ہیں تو ہمیں اس بدلتی ہوئی جنگ کا بھرپور احساس ہے اس میں دشمن، اس کے سہولت کار، آلہ کار کا کیا طریقہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پوری طرح داخلی اور بیرونی خطرات کا اندازہ ہے اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو ناکام بنائیں گے۔

اپنی مختصر پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جہاں دشمن ہمیں داخلی طور پر کمزور کرتے رہے اب اس کے ساتھ ساتھ بیرونی خطرات کی جانب سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

نہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا جو بیان آیا، ان کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کیا کوششیں ہیں، ملکی سلامتی کا ایک اہم ادارہ ہوتے ہوئے ہمیں اندازہ ہے کہ کس طریقے سے پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کرنے کی کوششیں ہوتی رہیں اور ابھی بھی ہورہی ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیرونی خطرات پر کیسے رد عمل دیا جاسکتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان حالات میں کچھ لوگ اندرونی اور بیرونی حملوں سے اشتعال دلاتے ہوئے ہمیں آپس میں بھی لڑوانا چاہتے ہیں اور اس طریقے سے پاکستان کو شکست دینے کے خواب بھی دیکھ رہے ہیں، ایسا انشااللہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بڑھتے ہوئے قدموں کو پیچھے نہیں ہٹائیں گے اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو ناکام کریں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ ہم نے اس ملک کو استحکام دینے کے لیے بہت لمبا سفر کیا ہے اور عوام، اداروں اور افواج پاکستان نے بہت سی قربانیاں دی ہیں، ہم اس استحکام کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں ہے بلکہ ایک خاندان ہے ہم عوام کی افواج ہیں اور جذبہ ایمانی کے بعد عوام کی حمایت سے مضبوط ہیں، ہم ملک کا دفاع بھی جانتے ہیں اور ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع بھی بہت اچھے طریقے سے جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ملک پہلے ہے اور ادارہ بعد میں ہے، آج اگر ملک کو ادارے کی قربانیوں، پرفارمنس اور یکجہتی کی ضرورت ہے تو ہم دشمن کے ڈیزائن میں آکر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں گے، ہم ملک اور ادارے کا بھرپور دفاع کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کچھ دیر قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے تفصیلی بات چیت ہوئی، پرویز مشرف کے خلاف کیس کے فیصلے کے بعد افواج پاکستان کے کیا جذبات ہیں اور اس معاملے کو آگے لے کر کیسے چلنا ہے اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کی بات چیت میں کیا فیصلے ہوئے اس سے حکومت تھوڑے عرصے میں آگاہ کرے گی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج اور حکومت پچھلے چند سالوں سے مل کر ملک کو اس طرف لے جانا چاہتی ہے جہاں ہر قسم کے خطرات ناکام ہوجائیں اور ملک اس طرف جائے جہاں ہم جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ افواج پاکستان پر اپنا اعتماد رکھیں، ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے لیکن ایسا کرتے ہوئے اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو ملک کی عزت اور وقار کے ساتھ قائم رکھیں گے اور جتنے بھی دشمن ہیں خواہ وہ اندرونی ہوں یا بیرونی، آلہ کار ہیں، سہولت کار ہیں انہیں ہم بھرپور جواب دیں گے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More