بھارت:متنازع شہریت قانون کے خلاف مظاہروں پر پابندی، 150 افراد گرفتار
بھارت میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد پولیس نے مختلف شہروں سے 150 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق شہریت کے قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے جو مختلف مذاہب کے افراد کو شہریت دینے سے متعلق ہے جبکہ اس میں مسلمان شامل نہیں۔
ماضی میں خود کو سیکولر ریاست کے طور پر پیش کرنے والے بھارت میں حکومت نے حال ہی میں شہریت ترمیمی ایکٹ کا نفاذ کیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور مظاہرین اسے بھارتی حکومت کی جانب سے ریاست کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کے قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
بھارت کے بانی موہن داس گاندھی (مہاتما گاندھی) کی سوانح حیات تحریر کرنے والے تاریخ دان رام چندرا گوہا ان افراد میں شامل ہیں جنہیں ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے گرفتار کیا گیا۔