Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں نانبائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی

پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں نانبائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث شہریوں کو روٹی کے حصول میں شدید مشکلات

پشاور(نیوزڈیسک) : پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں نانبائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث شہریوں کو روٹی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔اس دوران بیکری کی دکانوں پر رش بڑھ گیا جبکہ پھلوں کی خریداری میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ڈرائی فروٹ بھی ہاتھوں ہاتھ بکنے لگا ۔ نانبائیوں کی ہڑتال سے ہوٹل مالکان کی چاندی ہو گئی ۔مختلف اشیائے خوردونوش سمیت روٹی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ۔لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ۔شہریوں نے صبح کا ناشتہ گھروں کے بجائے بازار سے منگوایا ۔بچوں کیلئے مجبوراًمہنگے داموں روٹی خریدی ۔تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں نانبائیوں کی ہڑتال منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہی اور تمام تندور بند رہے ۔پشاورمیں تقریباً 2500کے قریب تندور بند ہونے سے شہریوں کو روٹی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا اور مسلسل دوسرے روز بھی صبح کا ناشتہ گھروں میں تیار کرنے کے بجائے گیس نہ ہونے پر بازاروں سے خریدناپڑا ۔اس دوران پراٹھوں کی دکانوں پر رش لگا رہا اور ایک پراٹھے کی قیمت اندرون شہر ہشت نگری،کریم پورہ،گھنٹہ گھر،قصہ خوانی،شعبہ بازار اور صدر سمیت دیگر علاقوں میں 30سے40روپے بھی وصول کی گئی جبکہ ہوٹلوں میں روٹی کی قیمت 50روپے تک پہنچ گئی ۔شہرمیں صرف چھولے، تکے، کڑاہی اور نمک منڈی کے صارفین کو ہی روٹی دستیاب رہی جبکہ گھروں میں کھانا کھانے والوں کو خود روٹی پکانے کی تکلیف برداشت کرنا پڑی ۔پشاور میں نانبائیوں کی ہڑتال کے باعث تمام تندور بند رہے تاہم چھولے ،پائے ، تکے، چکن ، مٹن و بیف کڑاہی اور دیگر ہوٹلوں میں روٹی دستیاب رہی تاہم ان کی تین سے چار گنا زیادہ قیمت وصول کی جاتی رہی ۔پشاور کے کئی مقامات پر شہریوں نے گھروں میں پکائی ہوئی روٹیاں فروخت کرنے کا بھی انتظام کرلیا جہاں گھروں میں روٹیاں پکا کر بچے باہر بیچنے کیلئے لے آئے۔ نانبائیوں کی جانب سے بعض دکانوں کا شٹر بند کرکے اندر روٹیوں کی پکائی جاری اور ہوٹلوں کی صورت میں اپنے مستقل گاہکوں کو روٹیاں فروخت کی جاتی رہیں ۔منگل کی صبح پراٹھے والوں نے بھی شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور پراٹھوں کے منہ مانگے دام وصول کئے تاہم مسافروں اور دفاتر میں موجود افراد کیلئے نابنائیوں کی ہڑتال کے باعث مسائل بڑھ گئے۔نانبائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہڑتال روٹی کی قیمت میں اضافے تک جاری رہے گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے گزارا مشکل ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More