Pak Updates - پاک اپڈیٹس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سندھ:منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ٹاسک فورس قائم

سیکرٹری داخلہ سربراہ ، حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کی رپورٹ نیکٹا کو پیش کر یگی
کراچی ، اسلام آباد(دنیا نیوز) سندھ میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس قائم کردی گئی ہے ۔ صوبائی ٹاسک فورس کا قیام پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پندرہ رکنی ٹاسک فورس کی سربراہی سیکرٹری داخلہ کریں گے ۔ ٹاسک فورس حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ کی رپورٹ نیکٹا کو پیش کرے گی۔ ٹاسک فورس منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے ملزمان کو گرفتار بھی کرے گی۔ٹاسک فورس میں حساس ادارے سی ٹی ڈی، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی شامل ہیں۔ ٹاسک فورس کسٹم حکام اور ایئر پورٹ انتظامیہ کو منی لانڈرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کرے گی۔ سی ٹی ڈی، ایف آئی اے اور کسٹم حکام منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے ملزمان کے خلاف کارروائیوں میں مدد بھی فراہم کریں گے ۔ علاوہ ازیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں چاروں صوبائی سیکریٹریز شریک ہوئے ۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو سراہا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر سے دہشت گردی کا 92 فیصد خاتمہ ہوا ، تمام کالعدم تنظیموں کی جائیدادوں کو حکومتی تحویل میں لے لیا گیا ہے ، 2213 سوشل میڈیا گروپس اور ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا، نام بدل کر کام کرنے والی 3 کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن لیا گیا ۔ اجلاس میں دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق اقدامات کو بھی سراہا گیا اور کالعدم تنظیموں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان کو آج جمعرات کو عملدرآمد رپورٹ بھجوائی جائیگی
روز نامہ دنیا

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More